بھارت میں گجرات کے ڈانگ ضلع میں گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 7 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں گجرات کے ڈانگ ضلع میں گزشتہ روز بس کھائی میں گر نے سے 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 4 بجے ساپوترا گھاٹ روڈ پر پیش آیا، جب ایک پرائیویٹ بس 200 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ کھائی میں گرنے سے بس دو ٹکڑے ہوگئی۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس مدھیہ پردیش کے گنا سے ترمبکیشور کا دورہ کرنے کے بعد واپس آرہی تھی جس میں 48 سیاح موجود تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جس کے باعث 7 مسافر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ ساپوترا ہل اسٹیشن کے قریب پیش آیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق، بس ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا، جس کی وجہ سے بس حفاظتی رکاوٹ کو توڑ کر وادی میں گر گئی۔
زخمی عقیدت مندوں کو گجرات کے آہوا کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
کیلیفورنیا میں لگنے والی خوفناک آگ پر آخر کار قابو پالیا گیا
رپورٹس کے مطابق بس میں 48 یاتری موجود تھے، مرنے والوں اور زخمیوں میں مدھیہ پردیش کے گنا، شیو پوری اور اشوک نگر اضلاع کے افراد شامل ہیں۔