بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے اداکار ویر پہاڑیہ نے سوشل میڈیا پر آن لائن ٹرولنگ اور ان کی اداکاری کی صلاحیت پر سوال اٹھانے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار ویر پہاڑیہ حال ہی میں بالی ووڈ کی فلم ’اسکائی فورس‘ میں نظر آئے، اس فلم میں ان کے ساتھ بالی ووڈ کے اداکار اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیا۔
ادکار ویر پہاڑیہ بھارت کے بزنس ٹائیکون سنجے پہاڑیا کے بیٹے ہیں اور ان کے دادا سشیل کمار شندے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ تھے۔
فلم اسکائی فورس کے ساتھ بالی ووڈ ڈیبیو پر ویر پہاڑیہ کو ان کے خاندانی پس منظر پر ٹرول کیا گیا اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے اپنے خاندانی روابط کی وجہ سے فلم میں یہ کردار حاصل کیا۔
فلم اسکائے فورس کے اداکار ویر پہاڑیہ نے ٹرولز کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں خوش قسمت ہوں کہ ایک نامور گھرانے میں پیدا ہوا اور میں ہمیشہ سے ایک آرٹسٹ بننا چاہتا تھا۔
اداکار نے کہا کہ ’ میں کیا کرسکتا ہوں یہ تو میری خوش قسمتی ہے کہ میں ایسے خاندان میں پیدا ہوا، بچپن سے میرا خواب تھا میں ایک اداکار ہی بننا چاہتا تھا، اب میں لوگوں کو خوش کرنے کے لیے ایسا کیا کروں، کیا اپنی جان لے کر واپس سے جنم لوں؟‘
اداکار نے مزید کہ میں صرف اتنا کر سکتا ہوں کہ سخت محنت اور لگن کے ساتھ کام کروں تاکہ ہر کوئی یہ سمجھے کہ میں اس انڈسٹری میں آنے کا مستحق ہوں۔
View this post on Instagram
ویر پہاڑیہ نے کہا کہ میں منفی تبصرے کا جواب نہیں دیتا اور ممکن ہے کہ جو لوگ اس طرح کی بات کررہے ہیں انہوں نے اب تک میری فلم نہیں دیکھی ہو یا یہ ہوسکتا ہے کہ میں اس فلم میں شائقین کے دلوں تک نہیں پہنچ پایا ہوں، لیکن میں اپنی اگلی فلم سے ان کا دل بھی جیت لوں گا اور ان کی نفرت کو محبت میں بدلنے کی پوری کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ اداکار اکشے کمار اور ویر پہاڑیہ کی پاکستان مخاکف فلم ’اسکائی فورس‘ نے اپنے پہلے ہفتے کے آخر میں باکس آفس پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
یہ فلم 24 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی، سندیپ کیولانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے افتتاحی دن 15.30 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا، فلم پہلے ہفتے میں 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔