لاہور: عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر رمضان شوگر ملز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، یہ فیصلہ عدالت 6 فروری کو سنائے گی۔
وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نالے کی تعمیر کی ہدایت اُس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نہیں کی تھی، نالے کی تعمیر کی منظوری پنجاب کابینہ نے دی، اور اسے علاقے کی بہتری کے لیے بنایا گیا تھا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا۔
اینٹی کرپشن کے پراسیکیوٹر میاں وسیم نے عدالت کو بتایا میری نظر میں گندے نالے کا رخ درست ہے، مقدمے کا مدعی بھی منحرف ہو گیا ہے، مدعی نے کہا کہ اس نے درخواست ہی جمع نہیں کروائی، اس وقت کے ایم پی اے رحمت علی مرحوم کی درخواست پر نالہ تعمیر ہوا تھا۔
خواجہ سعد رفیق بھی پیکا قانون کے کیخلاف میدان میں آگئے
سرکاری وکیل نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ کی بریت کی درخواست پر ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دیں۔ کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے کی، جنھوں نے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔