چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد جیسے جیسے قریب آ رہا ہے اس حوالے سے پیشگوئیاں بھی سامنے آ رہی ہیں اب فائنلسٹ ٹیموں کی نئی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے اور فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ تاہم ٹورنامنٹ کے آغاز اور اس بڑے میچ کے انعقاد سے ایک ماہ قبل ہی سابق آسٹریلوی کپتان نے اس شو پیس ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہوگا تاہم انہوں نے دونوں ٹیموں کو پاکستان سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزبان گرین شرٹس اس راہ میں دونوں ٹیموں کے لیے چیلنج ثابت ہوگی۔
آئی سی سی ریویو میں میگا ایونٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اپنی اس پیشگوئی کی وجہ دونوں ٹیموں آسٹریلیا اور بھارت میں کوالٹی پلیئرز ہونا قرار دیا اور کہا کہ ان ٹیموں کی آئی سی سی ایونٹس میں حالیہ کارکردگی سب کچھ واضح کرتی ہے۔
رکی پونٹنگ نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا کے علاوہ تیسری ٹیم جو ان دنوں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، وہ میزبان پاکستان ہے اور گرین شرٹس کی حالیہ عرصہ میں ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کے بارے میں قبل از وقت کوئی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی تاہم پاکستان کرکٹ میں کچھ چیزوں کو بہت بہتر کر لیا گیا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ تجزیہ کار روی شاستری نے بھی چیممپئنز ٹرافی فائنل کے لیے بھارت اور آسٹریلیا کو فیورٹ قرار دیا ہے۔
آئی سی سی ریویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فائنل فور سے میزبان پاکستان کو ہی باہر کر دیا اور کہا کہ سیمی فائنل کھیلنے والی دیگر دو ٹیمیں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ہو سکتی ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی: پاکستان سے مقابلہ، بھارتی کپتان نے پلاننگ بتا دی