حیدرآباد: اساتذہ کی تنظیم گسٹا کے عہدیدار انکریمنٹ لگوانے کیلئے رشوت لینے لگے، یونین صدر اور پرنسپل کی گفتگو وائرل ہوگئی۔
خاتون ٹیچر سے پیسے وصول کرنے کیلئے پہنچنے والے گسٹا یونین صدر اور پرنسپل کی گفتگو وائرل ہوگئی، گورنمنٹ اسکول کی پرنسپل نائلہ سموں اور گسٹا یونین صدر محمود چوہان میں گفتگو ہوئی، وائرل ہونے والی کال کی ریکارڈنگ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
گسٹا یونین صدر محمود چوہان پرنسپل کی غیرموجودگی میں اسکول پہنچا، اسکول پہنچنے کی اطلاع پر پرنسپل نائلہ سموں نے گسٹا یونین صدر کو کال کی۔
اسکول پرنسپل نائلہ سموں اساتذہ سے 90 ہزار روپے وصولی پر برہم ہوگئیں، اساتذہ سمیت دیگر اسٹاف سے سالانہ انکریمنٹ کیلئے پیسے وصولی کا بھی انکشاف سامنے آیا۔
پرنسپل اور گسٹا صدر کے درمیان گفتگو میں سخت جملوں کا استعمال ہوا، پرنسپل نائلہ سموں نے کہا کہ آپ کس کی اجازت سے میرے اسکول میں داخل ہوئے، صدر گسٹا محمود چوہان نے کہا کہ اسکول میں داخل ہونے کیلئے مجھے کسی اجازت کی ضرورت نہیں۔