واشنگٹن: امریکا کی پڑوسیوں سے تجارتی جنگ کاخطرہ ٹل گیا، صدر ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پراضافی ٹیرف 30 دن کیلئے روک دیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ کا کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسین صدر کلاڈیا سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، میکسیکو اور کینیڈا نے غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات روکنے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرادی ہے۔
میکسیکو نے امریکی سرحد پر نیشنل گارڈز کے 10 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے، واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اضافی ٹیرف لگا دیا تھا، جس پر پڑوسیوں نے جوابی ٹیرف عائد کر دیا تھا۔
دوسری جانب امریکا کے نئے منتخب ہونے والے صدر ٹرمپ نے جنوبی افریقا کو دی جانے والی تمام فنڈنگ روکنے کی دھمکی دے دی۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ثبوت فراہم کیے بغیر جنوبی افریقا پر الزام عائد کیا ہے کہ جنوبی افریقا کچھ طبقے کے لوگوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور ان کی زمینوں پر قبضہ کررہا ہے۔
ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتِ حال کی مکمل تحقیقات ہونے تک جنوبی افریقا کو دی جانے والی تمام مستقبل کی فنڈنگ روک دوں گا۔ اس معاملے میں امریکا جنوبی افریقا کے ساتھ نہیں ہے، ہم بھرپور کارروائی کریں گے۔
کیا ٹرمپ میکسیکو کی طرح کینیڈا پر ٹیرف کا نفاذ روک دیں گے؟
واضح رہے کہ امریکی حکومت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکا 2023ء سے جنوبی افریقا کو تقریباً 440 ملین ڈالرز کی امداد دینے کا پابند ہے۔