کراچی: سندھ حکومت نے پہلے الیکٹرک بسوں پر اور اب آٹزم سینٹرز کے قیام پر پنجاب کا دعویٰ غلط قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر پنجاب اور سندھ حکومت میں کارکردگی کا مقابلہ جاری ہے، پہلے الیکٹرک بسوں پر اور اب آٹزم سینٹرز کے قیام پر سندھ نے پنجاب کا دعویٰ غلط قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے دو دن پہلے لاہور میں آٹزم اسکول پروگرام کا افتتاح کیا تھا، جسے پاکستان کا پہلا آٹزم سینٹر کہا گیا، جس پر سندھ کے وزیر شرجیل میمن اور صوبائی ترجمان سمیتا افضال نے کہا کہ پہلا سرکاری آٹزم سینٹر سندھ حکومت نے دو ہزار اٹھارہ میں قائم کیا اور صوبے میں چھے سرکاری آٹزم سینٹر کام کر رہے ہیں، لہذا پنجاب حکومت حقائق درست پیش کرے۔
جس کے جواب میں پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نوازشریف سے مقابلے کا شوق رکھنے والے ان جیسی کارکردگی دکھائیں، لیکن باقی صوبائی حکومتی صرف پنجاب کے کاموں میں کیڑے نکالتی ہیں۔
سندھ کے وزیر شرجیل میمن نے الیکٹرک بسیں چلانے سے متعلق بھی پنجاب حکومت کے دعوے کو غلط کہا تھا، اور تصحیح کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکٹرک بسیں سندھ نے دو ہزار تیئس میں شروع کی تھیں۔