منگل, فروری 4, 2025
اشتہار

یو ایس ایڈ کو ممکنہ طور پر ختم کرنے کا منصوبہ، ٹرمپ نے مارکو روبیو کو ذمہ داری سونپ دی

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: یو ایس ایڈ کو ممکنہ طور پر ختم کرنے کے منصوبہ پر عمل درآمد کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی فنڈنگ پر کنٹرول اور یو ایس ایڈ ایجنسی کی سرگرمیوں کو سمجھنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو یو ایس ایڈ کا عبوری منتظم مقرر کر دیا ہے۔

مارکو روبیو نے ادارے کی ممکنہ تنظیم نو پر کام شروع کر دیا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی ایجنسی برائے عالمی ترقی (USAID) طویل عرصے سے اپنے ہدف سے بھٹکی ہوئی تھی، اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ یو ایس ایڈ کا قابل ذکر حصہ امریکا کے قومی مفادات سے ہم آہنگ نہیں ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ مارکو روبیو نے یو ایس ایڈ کا جائزہ لینے اور ممکنہ طور پر اسے ختم کرنے کے منصوبے کی نقاب کشائی کر دی ہے۔ سیکریٹری آف اسٹیٹ نے ایجنسی پر الزام عائد کیا کہ یہ امریکی مفادات کے مطابق نہیں ہے، خیال رہے کہ یہ ایجنسی 100 سے زائد ممالک میں خوراک کی امداد، ہنگامی امداد اور صحت کے پروگراموں کی نگرانی کرتا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یو ایس ایڈ ایجنسی میں اہم تبدیلیاں کی ہیں، جس پر درجنوں اعلیٰ افسران چھٹی پر چلے گئے ہیں، اور ہزاروں ٹھیکیدار فارغ کر دیے گئے ہیں، اور دوسرے ممالک کو اربوں ڈالر کی انسانی امداد روک دی گئی ہے۔ اس اقدام نے امدادی تنظیموں کو اس بات پر پریشان کر دیا ہے کہ کیا وہ اب غذائیت کے شکار بچوں کے لیے غذائی امداد جیسے پروگراموں کو جاری رکھ سکیں گی۔

امریکا کی پڑوسیوں سے تجارتی جنگ کاخطرہ ٹل گیا

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی، جسے USAID کے نام سے جانا جاتا ہے، کو صدر جان ایف کینیڈی نے سرد جنگ کے دوران قائم کیا تھا، اس کے بعد کی دہائیوں میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹس اس ایجنسی اور اس کی فنڈنگ ​​پر لڑتے آ رہے ہیں۔

ٹرمپ حکومت میں ایلون مسک کو ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی، جسے DOGE کے نام سے جانا جاتا ہے، سونپا گیا ہے، اس ڈپارٹمنٹ کو سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے اور سرکاری اخراجات میں کھربوں ڈالر کی کمی لانے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس لیے یو ایس ایڈ ایلون مسک کے اہم اہداف میں سے ایک ہے، اور مسک نے الزام لگایا کہ اس ایجنسی کی فنڈنگ ​​مہلک پروگراموں کے لیے استعمال کی گئی ہے اور یہ ایک ’’مجرمانہ تنظیم‘‘ ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے ایجنسی کو محکمہ خارجہ میں ضم کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یو ایس ایڈ ایک اچھا تصور ہے، لیکن اس میں بائیں بازو کی انتہا پسندی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں