خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ میں واقع ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی قسمت جاگنے والی ہے اور 19 سال بعد رواں برس یہاں میچ ہونے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں 19 سال بعد میچ کرانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے اور پی ایس ایل 10 کے دو میچز یہاں کرائے جا سکتے ہیں۔
پی ایس ایل کے میچ کے انعقاد کے لیے آئی سی سی نمائندوں نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جائزہ ٹیم نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے گراؤنڈ، پویلین ایریا اور ہوٹل روٹ کا سروے کیا گیا ہے۔
اس موقع پر پشاور پولیس چیف نے آئی سی سی نمائندوں کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔
پولیس حکام نے وفد کو بتایا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کے قریب ہیلی پیڈ بنایا جائے گا۔ سیکیورٹی اقدامات کے تحت ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی جب کہ عوام کو اسٹیڈیم لانے کے لیے شٹل سروس چلائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم دو دہائی قبل انٹرنیشنل کرکٹ کا بھی مرکز رہا ہے اور یہاں کرکٹ کے کئی بین الاقوامی میچز ہوچکے ہیں تاہم نائن الیون واقعہ اور افغانستان صورتحال کے باعث یہاں میچوں کا انعقاد میں تعطل آگیا۔
ارباب نیاز اسٹیڈیم میں آخری کرکٹ میچ 2006 میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا۔