دنیا بھر کو کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کے مقابلے کا انتظار رہتا ہے لیکن ایک کھلاڑی نے پاک افغانستان میچ کو زیادہ سنسنی خیز قرار دیا ہے۔
افغانستان کے بلے باز گلبدین نائب کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرا کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہوتا ہے مگر پاکستان اور افغانستان کے میچ بھی سنسنی خیز ہوتے ہیں اور جب یہ دونوں ٹیمیں میدان میں ہوں تو جنگ کا سا سماں ہوتا ہے۔
افغان بیٹر نے ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں افغانستان ٹیم کی تیز رفتار ترقی پر بھی بات کی۔ اس موقع پر میزبان نے گلبدین سے یہ دلچسپ سوال کر دیا کہ بھارت، افغانستان اور پاکستان، افغانستان میچ میں سے کون سے مقابلہ زیادہ جذبات لیے ہوتا ہے۔
اس موقع پر گلبدین نائن نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل جواب ہے، کیونکہ اگر آپ افغان شائقین سے پوچھیں تو وہ ہمیں پاکستان کے خلاف میچ کھیلتے دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔ ہمیں بھارت کے ساتھ بھی کھیلنا اچھا لگتا ہے لیکن ہم پاکستان کے ساتھ کھیلتے ہوئے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔
گلبدین نائن نے افغانستان ٹیم کی حالیہ کامیابیوں اور ترقی کے سفر سے متعلق کہا کہ اس کا کریڈٹ افغان حکومت کو جاتا ہے۔ ایک وقت تھا کہ ہم بڑی ٹیموں کے ساتھ نہیں کھیل پا رہے تھے۔ اب نہ صرف بڑی ٹیموں سے کھیل رہے بلکہ ان کو ہرا بھی رہے ہیں۔ لیکن جب ہم ہار رہے تھے، تب بھی ہماری قوم اور حکومت کے حکام نے ہمیں بہت سپورٹ کیا اور یہی وہ چیزیں ہیں جنہوں نے ہمیں اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی ہمت اور حوصلہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم صرف افغانستان نہیں بلکہ بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش سب جگہ سے پیار ملتا ہے۔ آج دنیا کی ہر ٹاپ لیگز میں افغانستان کے کھلاڑی شامل ہوتے ہیں۔
افغان بیٹر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق کہا کہ اس میں ٹاپ 8 ٹیمیں شامل ہیں اور ہر ٹیم ہی فیورٹ ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کو گروپ بی میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
19 سال بعد پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی قسمت جاگنے والی ہے!