بھارتی ٹیم کی حالیہ کارکردگی گوکہ اچھی نہیں مگر ان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے کچھ کھلاڑیں سے امیدیں باندھی ہیں۔
بھارت کو حال ہی میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ نے وائٹ واش کیا۔ آسٹریلیا سے سیریز ہار کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے باہر ہوئے۔ اس ہار میں بڑا کردار ٹیم کے کپتان روہت شرما اور سینئر بیٹر ویرات کوہلی کی مسلسل خراب پرفارمنس بنی۔
طویل دورانیے کے میچز کے بعد اب بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کا چیلنج درکار ہے۔ روہت شرما اور ویرات کوہلی کی فارم پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ ایسے میں بلیو شرٹس کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
گوتم گمبھیر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنے دو تجربہ کار کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی سے امیدیں باندھ لی ہیں۔
ہیڈ کوچ نے بھارت میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دونوں پلیئر انتہائی تجربہ کار اور زیرک ہیں اور آئی سی سی ایونٹ میں بہت اہم ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ حالیہ میچز میں ان کی پرفارمنس کچھ اچھی نہیں رہی ہے، لیکن پھر بھی چیمپیئنز ٹرافی میں ان دونوں کا کردار خاصا اہم ہوگا۔
واضح رہے کہ دونوں بڑے کھلاڑیوں کی ناقص فارم کے باعث بی سی سی آئی نے روہت شرما اور ویرات کوہلی دونوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا پابند کیا تھا تاہم رانجی ٹرافی میں ایک دہائی بعد شرکت کرنے والے یہ دونوں بلے باز یہاں بھی ناکام رہے۔
چیمپئنز ٹرافی: 2017 کی فاتح ٹیم اور 2025 کے پاکستانی اسکواڈ میں کیا مماثلت؟