وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے سرکاری مکانوں کی الاٹمنٹ کے رولز میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے اکاموڈیشن رولز2025 کا مسودہ تیار کرلیا جسے منظوری کے لیے جلد وزیراعظم کو بھجوا دیا جائے گا۔
سرکاری ملازمین کے لیے مختص مختلف کیٹگریز میں ردوبدل کیا جائے گا، گریڈ 22 کے افسروں کو کیٹگری ون کے مکان الاٹ کیے جائیں گے، گریڈ 21 کو کیٹیگری ٹو، گریڈ 19، 20 کو کیٹگری تھری مکانات الاٹ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 18 اور 17 کو کیٹگری فور، گریڈ 16 اور 15 کو کیٹیگری فائیو میں رکھا گیا ہے، گریڈ 12 اور 14 کو کیٹیگری، 6 جبکہ گریڈ 5 سے 11 کو سیون کیٹیگری میں رکھا ہے۔
گریڈ ایک سے 4 کو کیٹگری 8 کا مکان الاٹ کیا جائے گا، کسی بھی ملازم یا افسر کو ایکٹنگ چارج یا کرنٹ چارج پر مکان نہیں ملے گا۔
ٹائم اسکیل پروموشن کی بنیاد پر ہائر کیٹگری کا مکان الاٹ نہیں کیا جائے گا، دوران سروس انتقال پر مرحوم کے ورثا کو 60 کی عمر تک کے لیے مکان رکھنے کی اجازت ہوگی، ریٹائرمنٹ کے بعد 6 ماہ تک مکان رکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کسی الاٹیز کو مکان کرایہ پر دینے کی اجازت نہیں ہوگی، میاں بیوی دونوں ملام ہونے پر صرف ایک مکان الاٹمنٹ یا ہائرنگ کی سہولت ملے گی۔
اگر الاٹی خود قیام نہیں کرے گا تو الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی، مکانوں کی کیٹگری کے لیے کورڈ ایریا کا معیار بھی متعین کردیا گیا ہے۔