بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی خط نہیں ملا، سکیورٹی ذرائع کی تردید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سکیورٹی ذرائع نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط ارسال کرنے کی تردید کر دی۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی جانب سے کوئی خط نہیں ملا، اسٹیبلشمنٹ کو نہ ہی ایسے کسی خط میں کوئی دلچسپی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو کسی معاملے پر بات کرنی ہے تو سیاستدانوں سے کرے، پی ٹی آئی نے خط کے نام پر ایک اور ڈرامہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے آرمی چیف کو خط کیوں لکھا؟ پارٹی رہنما نے وجہ بتا دی

گزشتہ روز عمران خان نے بطور سابق وزیر اعظم آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ دیا تھا جس میں فوج اور عوام میں فاصلے کی وجوہات بیان کی گئی تھیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو بطور سابق وزیر اعظم خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ افواج پاکستان بہت قربانیاں دے رہی ہیں فوج اور ملک ہمارا ہے، ہم انتشار نہیں چاہتے ضروری ہے کہ عوام فوج کے ساتھ کھڑی ہو۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان نے خط میں 6 نکات بیان کیے ہیں، پہلا نکتہ فراڈ الیکشن اور 26ویں آئینی ترمیم سے متعلق ہے جبکہ القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور پیکا قانون میں ترمیم اور معیشت سے متعلق نکات شامل ہیں۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بنا کر تحقیقات کی جائیں کس کا کیا قصور ہے، 26 نومبر کا احتجاج آئین کے دائرے میں کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں