لاہور میں گھریلو ملازمہ نے مالکن کی ڈانٹ پر تین ماہ کے بچے کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں گھریلو ملازمہ نے تین ماہ کے بچے کو مالکن کے ڈاٹننے پر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بچے کی طبیعت بگڑ گئی۔
والدین نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تو بچے پر تشدد کا علم ہوا۔
گھریلو ملازمہ صائمہ کو گھر کے کام کاج اور بچے کی دیکھ بھال کے لیے ایک ایجنسی کے ذریعے رکھا گیا تھا۔ واقعے سے قبل بچے کی ماں نے کام میں غفلت برتنے پر ملازمہ کو سرزنش کی تھی، جس کا بدلہ اس نے نومولود سے لیا۔
متاثرہ خاندان کے سربراہ مطلوب ظفر کے مطابق 29 جنوری کو وہ اپنے بچے کو ڈاکٹر سے چیک اپ کے بعد گھر واپس آئے تو ملازمہ غائب تھی۔ ساتھ ہی گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقد اور 13 لاکھ روپے مالیت کے زیورات بھی چوری کر لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمہ زیورات اور رقم چوری کرکے فرار ہوگئی جبکہ ملزمہ نے بچے کے منہ پر کپڑا رکھ کر سانس بند کرنے کی بھی کوشش کی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کی تلاش شروع کردی ہے۔