لیجنڈ بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے اپنے ساتھ تصویر کھنچوانے کے خواہشمند پولیس اہلکار کو صاف منع کردیا جس کی دلچسپ وجہ سامنے آگئی۔
سنیل گواسکر کو کرکٹ چھوڑے زمانہ ہوچکا ہے مگر بھارت کا عظیم بیٹر ہونے کی وجہ سے اب بھی ان کے کئی مداح موجود ہیں جبکہ وہ میچز کے لیے براڈ کاسٹر کے طور پر بھی فرائض انجام دیتے ہیں اس لیے میڈیا اور مداحوں کی نظروں سے اوجھل نہیں ہوتے۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پونے میں ہونے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے پہلے ایک پولیس اہلکار نے سنیگل گواسکر کے ساتھ فوٹو لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مڈ ڈے کے مطابق پولیس اہلکار نے سنیل گواسکر سے کہا کہ سر کیا میں آپ کے ساتھ ایک فوٹو لے سکتا ہوں، گواسکر نے اس اہلکار کو ایک لفظ کے ساتھ جواب دیا کہ ’نہیں‘!
تاہم اس کے فوراً بعد ہی بھارت کے سابق کپتان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ میرے ساتھ صرف ایک فوٹو نہیں لے سکتے بلکہ آپ دو تین فوٹو لے سکتے ہیں، آپ صرف ایک تصویر کھنچوا کر کیا کریں گے۔
خیال رہے کہ سنیل گواسکر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے وہ پہلے بیٹر تھے جنھوں نے 10 ہزار رنز بنانے کا سنگ میل عبور کیا تھا، انھیں بھارت کے عظیم ترین اوپنرز میں شمار کیا جاتا ہے۔