وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی محنت سے ترسیلاتِ زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ لوگ ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت اور قوم اوورسیز پاکستانیوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، بےشمار اوورسیز پاکستانی ملک کا نام روشن کررہے ہیں، اوورسیز کے بھیجے گئے پیسوں سے قومی خزانے کو فائدہ ہوتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تربیت حاصل کرکے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیتے ہیں، اوورسیز پاکستانی واپس آکر سرماریہ کاری کرتے ہیں جس سے معیشت کو فائدہ ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی واپس آکر پراپرٹی میں سرماریہ کاری کرتے ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی پراپرٹیز واگزار کرائی گئیں، دیگر مسائل بھی حل کیےگئے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی زیرِنگرانی اوورسیز کا پنجاب میں ادارہ فعال کردار ادا کر رہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا میری حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کے عظیم سفیر ہیں، ان شااللہ ہم گرین چینل کو دوبارہ بحال کریں گے،
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تقریب کے شرکا نے کہا یہ جو محفوظ دھرتی ہے اس کے پیچھے وردی ہے، 2018 تک ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا تھا، 80 ہزارقربانیوں کے بعد دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چند سال پہلے ایک حکومت نے دہشت گردوں کو دوبارہ آنے دیا، کل میں کوئٹہ سے ہوکر آیا ہوں، آرمی چیف نے بھی دورہ کیا، 23دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، 18 دلیر جوانوں نے شہادت حاصل کی
یقین دلاتا ہوں عظیم قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی دوبارہ ختم ہوگی، افسروں و جوانوں کی ملک کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔