بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا۔
بی سی سی آئی نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی جگہ اسپنر ورون چکرورتی کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز 6 سے 12 فروری تک کھیلی جائے گی۔
ورون چکرورتی کو اس وقت اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب گزشتہ روز جسپریت بمراہ کمر کے اسکین کروانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچے تھے۔
پہلے جسپریت بمراہ کو ابتدائی دو میچز میں حصہ نہیں لینا تھا اور ان کی آخری میچ میں شمولیت کا امکان تھا لیکن اب وہ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت آگرکر نے بتایا تھا کہ بمراہ کو پانچ ہفتوں کے لیے آف لوڈ کرنے کے لیے کہا گیا ہے اس لیے وہ انگلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچز نہیں کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کی فٹنس کا انتظار کررہے ہیں اور فروری کے اوائل میں میڈیکل ٹیم سے اس کا علم ہوجائے گا۔
علاوہ ازیں پوری سیریز میں بمراہ کی غیر موجودگی نے چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شرکت کے حوالے سے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔