بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کا احترام کرے، آصف زرداری/ شہباز شریف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کا احترام کرے۔

صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کیلئے اپنی غیرمتزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہیں، بھارت کشمیری عوام کو شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا ک بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے انمٹ جذبے کو دبا نہیں سکتے، تنازع جموں و مقبوضہ کشمیر سب سے پرانے حل طلب بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔

صدرمملکت کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77 سال پرانے حق خودارادیت کے وعدوں کا احترام کرے، ہم کشمیریوں کیلئے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑاہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام

وزیراعظم شہبازشریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے بڑے قابض فوجی علاقوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کشمیری عوام خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں، بھارت ،مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیرقانونی قبضے کو مستحکم کرنے کیلئے غیرقانونی اقدامات کررہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ لوگوں کی امنگوں کو دبا کرامن حاصل نہیں کیا جاسکتا، حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کاایک بنیادی اصول ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیئے کہ وہ کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دے، پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنے جاری بیان میں وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں