بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع نارائن پیٹ میں بینک سے نکالی گئی رقم چور لے کر فرار ہوگیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج زیرِ گردش ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شہری نے راشتے دار کی شادی کیلیے بینک سے 4 لاکھ روپے نکالے اور انتہائی لاپرواہی سے اسے بیگ میں رکھ کر موٹرسائیکل پر سوار ہوگیا۔
راستے میں وہ ایک بیکری پر خریداری کیلیے رکا لیکن رقم سے بھرا بیگ موٹر سائیکل پر لٹکا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سال کی سب سے بڑی بینک چوری کی تحقیقات میں اہم پیشرفت
چور شہری کا اُس وقت سے پیچھا کر رہا تھا جب وہ بینک سے پیسے نکال کر موٹر سائیکل پر سوار ہوا۔ شہری بیکری سے خریداری میں مصروف تھا کہ اسی وقت چور بیگ لے کر باآسانی فرار ہوگیا۔
متاثرہ شہری جب موٹر سائیکل کی طرف آیا تو بیگ موجود نہ ہونے پر اس کے ہوش اڑ گئے۔ وہ فوراً قریبی پولیس اسٹیشن پہنچا اور پیسے چوری ہونے کی شکایت درج کروائی۔
پولیس نے بیکری پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج حاصل کر لی جس میں چور کو پیسوں سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزم کی شناخت اور گرفتاری کیلیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔