آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کیا حیران کن طور پر اس میں کوئی بھارتی امپائر شامل نہیں جس کی وجہ سامنے آ گئی۔
پاکستان 29 سال کے طویل وقفے کے بعد کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ 19 فروری سے ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کو سبوتاژ کرنے کے لیے پہلے بھارتی حکومت سیاست کو ایک بار پھر کھیل میں لائی اور ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا جس کے بعد بلو شرٹس اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے بعد اب بھارت کے میچ آفیشلز نے بھی میگا ایونٹ کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا جس کے باعث آئی سی سی نے انہیں میچ آفیشلز میں شامل نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ میچ ریفری جواگل سری ناتھ اور امپائر نتن مینن نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے گریز کیا جس کی وجہ سے آئی سی سی نے انہیں پینل کا حصہ نہیں بنایا۔
رپورٹ کے مطابق جواگل سری ناتھ نے پہلے ہی آئی سی سی سے چھٹیاں لے لی تھیں تاکہ انہیں پاکستان نہ جانا پڑے جب کہ نتن مینن نے ذاتی وجوہات کا جواز گھڑتے ہوئے پاکستان آنے سے معذرت کر لی۔
واضح رہے کہ نتن مینن آئی سی ایلیٹ پینل آف ایمپائرز میں بھارت کے واحد امپائر ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ آفیشلز کا اعلان، کوئی بھارتی شامل نہیں