جمعہ, فروری 7, 2025
اشتہار

لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلیے 9 ناموں کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلیے 9 ناموں کی منظوری دے دی گئی۔

جوڈیشل کمیشن اجلاس کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی اکثریت نے لاہور ہائیکورٹ میں 9 ایڈیشنل جج لگانے کی منظوری دی۔

اعلامیے کے مطابق حسن نواز مخدوم، سردار اکبر علی، ملک جاوید اقبال وینس، ملک وقار حیدر، سید احسن کاظمی، محمد جواد ظفر، خالد اسحاق، ملک اویس خالد اور سلطان محمود کے ناموں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے آغاز پر ممبر جوڈیشل کمیشن ایڈووکیٹ اختر حسین کی اہلیہ کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ججز ٹرانسفر آئین کے تحت ہوئے ہیں، چیف جسٹس پاکستان

یکم فروری 2025 کو سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے 3 ججز کا اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کر کے وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سرفراز ڈوگر، سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف کا بلوچستان ہائیکورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کیا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ججز کو اسلام آباد ہائیکورٹ ٹرانسفر کیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے دوسرے صوبوں سے ججز کے تبادلے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ دوسری ہائیکورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس نہ لایا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی 3 سینئر ججز میں سے چیف جسٹس بنایا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ، لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو بھی خط کی کاپی بھجوا دی گئی تھی۔

عدالتی ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی سمیت مختلف ججز نے خط لکھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سنیارٹی لسٹ کیسے تبدیل ہو سکتی ہے؟

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں