قومی ایئر لائن پی آئی اے کی انتظامیہ نے برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کا پلان فائنل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے 2 اعلی ٰحکام فلائٹ آپریشن انتظامات کا جائزہ لینے برطانیہ پہنچ گئے۔ ٹیم چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق کی سربراہی میں برطانیہ پہنچی ہے۔
پی آئی اے حکام لندن، مانچسٹر اور برمنگھم میں فلائٹ آپریشن انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
قومی ایئر لائن کا اجازت ملنے پر مارچ سے برطانیہ کیلئے براہ راست آپریشن شروع کرنےکا پلان ہے جس کے لیے ایئرلائن نے فلائٹ آپریشن کو حتمی شکل دے دی ہے۔
پی آئی اے برطانیہ میں کیٹرنگ سروس کے لیے پہلے ہی ٹینڈر جاری کرچکی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپ کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن ساڑھے چار سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کی بحالی اور عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
بحالی کے اس تاریخی موقع پر پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد سے روانہ ہو کر پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پر کامیابی سے لینڈ کر گئی، جو مسافروں اور ایئرلائن دونوں کے لیے ایک خوش آئند لمحہ تھا۔