برطانوی سول ایوی ایشن اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے سول ایوی ایشن اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا آڈٹ مکمل کر لیا۔
آڈٹ کے لیے کئی دنوں سے پاکستان میں موجود برطانیہ کی 7 رکنی ٹیم کل پاکستان سے روانہ ہو جائے گی۔ آڈٹ میں کامیابی پر پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر 2020 سے لگی پابندی ختم ہو جائے گی۔
علاوہ ازیں پی آئی اے کے 2 اعلی ٰحکام فلائٹ آپریشن انتظامات کا جائزہ لینے برطانیہ پہنچ گئے۔ ٹیم چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق کی سربراہی میں برطانیہ پہنچی ہے۔
پی آئی اے حکام لندن، مانچسٹر اور برمنگھم میں فلائٹ آپریشن انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
قومی ایئر لائن کا اجازت ملنے پر مارچ سے برطانیہ کیلئے براہ راست آپریشن شروع کرنےکا پلان ہے جس کے لیے ایئرلائن نے فلائٹ آپریشن کو حتمی شکل دے دی ہے۔
پی آئی اے برطانیہ میں کیٹرنگ سروس کے لیے پہلے ہی ٹینڈر جاری کرچکی ہے۔