زیورخ: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت ایک بار پھر معطل کردی ہے۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف قوانین کے مطابق آئین سازی نہیں کرسکی، قوانین کےمطابق آئین سازی ہونے تک معطلی برقرار رہے گی، معطلی تب ختم ہوگی جب کانگریس مجوزہ ترامیم منظور کرے گی۔
واضح رہے کہ اے ایف سی اور فیفا پاکستان فٹبال فیڈریشن الیکشن کے قانون میں ترمیم چاہتے ہیں، ترمیم کے نتیجے میں کوئی بھی آزاد شخص پی ایف ایف کا صدر بننے کا اہل ہوجائیگا۔
ریال میڈرڈ اور برازیل کے سابق کپتان نے ریٹائرمنٹ لے لی
دوسری جانب پی ایف ایف کانگریس ممبران نے بھاری اکثریت سے ترمیم کو مسترد کردیا ہے، ارکان کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف کا صدر وہ بن سکتا ہے جو پی ایف ایف فٹبال سرکٹ کا حصہ ہو، پی ایف ایف کے کسی بھی قانون میں ترمیم کا حق کانگریس ممبران کو ہے۔
خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ پی ایف ایف کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اپریل 2021 میں بھی فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معطل کر دیا تھا ۔ اس وقت اشفاق حسین گروپ کی جانب سے پی ایف ایف دفاتر پر قبضہ تھا، یہ پابندی جون 2022 میں ختم ہوئی تھی ۔
فیفا کے فیصلے کے بعد پاکستان کی ٹیمیں کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی اس کے علاوہ، فیفا سے ملنے والی تمام مالی اور تکنیکی معاونت بھی معطل رہے گی۔