کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران میاں بیوی کو قتل کرنے والے کو سزائے موت سنادی گئی اور 15 سال قید کی سزا کا حکم بھی دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ڈکیتی کے دوران میاں بیوی کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم نواز خورشید کو سزائے موت سنادی۔
عدالت نے ملزم نواز خورشید کو مجموعی طور پر 15 سال قید کی سزا کا حکم بھی دیتے ہوئے ملزم پر مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
دوران سماعت وکیل مدعی محمد فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت میں کہا کہ ملزم نے گھر میں ڈکیتی کے دوران بے رحمی سے میاں بیوی کو قتل کیا ، ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
پولیس کے مطابق 21 مئی 2020 کو ملزم ڈیفنس کے گھر میں داخل ہوا ملزم نے میاں جاوید افتخار اور بیوی سلما جاوید کا گلہ کاٹ کر قتل کردیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے ڈکیتی کے دوران وہاں موجود عمر فاروق کو زخمی بھی کیا اور گھر سے سونے کے زیورات اور نقدی لیکر فرار ہوگیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم نواز خورشید کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نواز کے خلاف درخشاں تھانے میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے۔