جمعہ, فروری 7, 2025
اشتہار

غیور اختر: پی ٹی وی کے معروف اداکار کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

غیور اختر کی مقبولیت کی وجہ تو اُن کی مزاحیہ اداکاری ہے، لیکن انھوں نے سنجیدہ کردار بھی بہت خوب صورتی سے نبھائے اور ناظرین سے خوب داد و تحسین سمیٹی۔ آج غیور اختر کی برسی ہے۔ غیور اختر 7 فروری 2014ء میں وفات پا گئے تھے۔

غیور اختر 1946ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنے فنی کيريئر کا آغاز ريڈيو پاکستان سے کيا۔ اداکار غیور اختر 1970ء میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں‌ نظر آنے لگے اور جلد ہی ناظرین کو اپنا گرویدہ کرلیا۔ ان کے چند کردار بہت مقبول ہوئے۔ انھوں نے متعدد مشہور ڈراموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’’سونا چاندی‘‘ میں ان کا کردار ناظرین کی توجہ کا مرکز رہا۔ 1980ء میں اس ڈرامے میں وہ ایک ڈرائیور کے کردار میں دکھائی دیتے تھے اور کہانی کے مطابق وہ کسی بات پر چونکتے ہوئے مخصوص تکیۂ کلام اوہو۔۔ہوہوہو ادا کرتے تھے جس نے ناظرین کو بہت محظوظ کیا اور غیور اختر گویا راتوں رات مشہور ہوگئے۔ بعد میں غیور اختر نے ڈرامہ خواجہ اینڈ سن اور راہيں ميں لازوال کردار نبھائے۔ غیور اختر نے ریڈیو کے مختلف شعبوں میں خوب کام کیا اور بطور صدا کار بھی اپنی منفرد آواز میں بہت سے پروگرام ریکارڈ کروائے۔ وہ بڑے فطری انداز میں مکالمے بولا کرتے تھے جس میں بے ساختگی ہوتی تھی۔ غیور اختر کئی دوسرے کامیڈین کی طرح اوور ایکٹنگ کا شکار نہیں ہوئے بلکہ ہر کردار میں حقیقت کا رنگ بھردیا۔

پاکستان ٹیلی وژن پر بچّوں کے مقبول ڈرامہ عینک والا جن میں بھی غیور اختر نے سامری جادوگر کا کردار نبھایا تھا۔ غیور اختر نے اپنے فنی کیریئر میں چند فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم ڈائریکٹ حوالدار میں انھوں نے جیلر کا کردار ادا کیا تھا جسے فلم بینوں نے بہت سراہا۔ اداکار غيور اختر کو حکومت پاکستان نے ’’تمغائے حسنِ‌ کارکردگی‘‘ سے بھی نوازا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں