راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کو پولیس نے حراست میں لینے کے کچھ دیر بعد رہا کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کو پولیس چوکی منتقل کیا گیا، ان کی گزشتہ روز جیل انتظامیہ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی۔
فیصل چوہدری کو عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل سے باہر آنے پر پولیس اہلکار ساتھ لے گئے تھے۔
قبل ازیں راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کو پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازتِ دی تھی۔
ہ اے ٹی سی کی جانب سے جیل سپرنٹینڈنٹ کو ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں۔
عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے قانونی مشاورت کے لیے جیل سپرنٹینڈنٹ وکلا کو رسائی دیں۔
وکلا کی جانب سے اے ٹی سی کورٹ میں وکالت نامہ جمع کرایا گیا تھا، وکالت نامہ ملک وحید انجم ، عرفان احمد نیازی ، فیصل چوہدری اور عمران نیازی کی جانب سے جمع کروایا گیا۔
وکالت نامہ بانی پی ٹی آئی کے تھانہ آر اے بازار مقدمے کے حوالے سے جمع کروایا گیا ہے۔