لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے نوتعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو مکمل ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی قیادت میں ناممکن کام کو ممکن کردکھایا، تعمیر نو میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ محسن نقوی کی عادت ہے جو اچھے کام کرتے ہیں انہیں لندن لے کر جاتے ہیں اب ان 2500 مزدوروں کو لندن کی سیر کرائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہباز اسپیڈ اب ماضی کی بات ہے میں اب محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے حالیہ مہینوں میں عمدہ کرکٹ کھیلی ہے، چیمپئنز ٹرافی اب ہمارے کھلاڑیوں کی جیت کی منتظر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہمارے ہمسائے کو شکست فاش دے کر 24 کروڑ عوام کے دل جیت لیں گے، اس وقت کا انتظار کررہا ہوں جب ہمارے کھلاڑی ہندوستان کو شکست دیں گے۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کا آغاز کل سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہورہا ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کل اسی میدان میں مدمقابل آئیں گی۔