اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے غیر سرکاری تنظیم پتن کی انتخابات سے متعلق رپورٹ کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ردعمل میں کہا کہ پتن اور اس کے عہدیدار اداروں کو بدنام کرنے کیلیے منظم سازش کا حصہ ہیں، آر او سے جو بھی فارم 46، 45 اور 47 موصول ہوئے ویب سائٹ پر آویزاں ہیں، آر او سے موصول تمام فارم آج بھی الیکشن کمیشن ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ متاثرہ فریقین نے اپنی الیکشن پٹیشنز قانون کے مطابق ٹریبونلز میں دائر کیں، الیکشن ٹریبونلز میں کچھ سماعت جاری ہیں اور کچھ پر فیصلے بھی آ چکے ہیں، ووٹرز ٹرن آؤٹ الیکشن کمیشن کی سالانہ اور پوسٹ الیکشن رپورٹ میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن میں خواتین کے ووٹ کے رجحانات پر فافن کی رپورٹ
’رپورٹس بھی قانون کے مطابق شائع کی جا رہی ہیں۔ خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں پر معاملہ عدالتوں میں ہے۔ الیکشن کمیشن معاملے پر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔‘
الیکشن کمیشن نے کہا کہ کسی کے پاس بے ضابطگیوں کا مواد ہے تو متعلقہ امیدواروں اور فریقین کو دے، کسی رپورٹ کی اہمیت نہیں جب تک الیکشن کمیشن سے مؤقف نہ لیا جائے، رپورٹ شائع کرنے سے پہلے الیکشن کمیشن سے مؤقف لیا جانا چاہیے تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پتن رپورٹ ادارے کا مؤقف جانے بغیر شائع کی گئی جو پروپیگنڈے کا تسلسل ہے، الیکشن کمیشن اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دباؤ میں نہیں آئے گا، آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔