وکلا نے ایس ایس پی حیدرآباد کے تبادلے کی یقین دہانی پر قومی شاہراہ سے دھرنا ختم کردیا۔ جس کے بعد ٹریفک کی آمدو رفت بحال ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر ہائیکورٹ بار حیدرآباد ایاز تنیو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں، ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ لنجار کو ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
صدر ہائیکورٹ بار کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی کے تبادلے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ وکیل کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے پر حیدرآباد میں وکلا اور پولیس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا، جس کے بعد وکلاء نے حیدرآباد بائی پاس پر دھرنا دے دیا تھا۔
وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ جاری رکھا جب کہ شدید سردی کے باوجود قومی شاہراہ پر دھرنا دیے بیٹھے رہے، دھرنے کے باعث کراچی سے اندرون ملک آنے اور جانے والی ٹریفک معطل اور ہزاروں گاڑیاں پھنس کر رہ گئی تھیں۔
ڈسٹرکٹ باراور ہائی کورٹ بار نے جوڈیشل انکوائری کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا اور صدر ڈسٹرکٹ بار فیصل مغل کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی پریس ریلیز کا ہمیں علم نہیں، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجار کا تبادلہ کیا جائے۔
کراچی: گٹکا مافیا سے رشوت مانگنے والا ایس ایچ او شاہ لطیف معطل
ٹنڈوالہیار میں بھی وکلا نے حیدرآباد کے وکلاء کی حمایت میں کیریا شاخ کے مقام پر دھرنا دے دیا تھا، اس دھرنے کے باعث میرپورخاص حیدرآباد شاہراہ بند ہو گئی تھی اور شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔