شوہر نے ناراض ہو کر میکے جانے والی بیوی سے انتقام لینے کا ایسا انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا جو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے شہر مظفر پور کی خاتون نے گزشتہ سال پٹنہ کے رہائشی شخص سے شادی کی تھی۔ خاتون کے والد نے دولہے میاں کو تحفے میں موٹر سائیکل دی جو بیٹی کے نام پر ہی رجسٹرڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اونچی ہیل سینڈل نہ دلانے پر بیوی شوہر کے خلاف تھانے پہنچ گئی
شادی کے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد جب شوہر سے لڑائی جھگڑے ہونے لگے تو خاتون سسرال چھوڑ کر والدین کے پاس واپس چلی گئیں، بات یہاں تک آگئی کہ ان کی طلاق کا معاملہ عدالت جا پہنچا۔
دریں اثنا، شوہر نے جان بوجھ کر موٹر سائیکل کا استعمال کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں شروع کر دیں جس کے نتیجے میں اس کی بیوی کے نام متعدد جرمانے جاری کیے گئے۔
خاتون کے والد نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے گزشتہ تین ماہ میں چار چالان جاری کیے جن کی اطلاع ان کی بیٹی کے فون پر دی گئی، شروع میں ہم نے جرمانے ادا کیے لیکن جب وہ بڑھنے لگے تو ہم نے داماد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔
اس سلسلے میں جب خاتون نے شوہر سے رابطہ کیا تو اس نے سامنے کہہ دیا کہ جب تک طلاق نہیں ہو جاتی وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا رہے گا۔
شوہر کی حرکات سے مایوس ہو کر خاتون نے پٹنہ ٹریفک پولیس میں شکایت درج کروائی۔
جب وہ والد کے ہمراہ قاضی محمد پور تھانے پہنچیں تو ان سے پوچھا گیا کہ وہ کیسے ثابت کر سکتی ہیں کہ موٹر سائیکل اب بھی ان کے شوہر کے پاس ہے؟
پولیس نے انہیں ایک حلف نامہ جمع کروانے کا مشورہ دیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ان کا شوہر موٹر سائیکل استعمال کر رہا ہے، معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔