کراچی: شہر قائد میں سائرہ سموں نامی خاتون کے قتل کیس میں 7 ماہ بعد بڑی پیش رفت ہوئی ہے، سابق ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہل کاروں کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں سائرہ سموں نامی خاتون کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا، خاتون 4 جولائی 2024 کو نیشنل ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہوئی تھی۔
اس کیس میں سابق ایس ایچ او تھانہ اسٹیل ٹاؤن اور دیگر اہل کاروں پر سات ماہ بعد قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خاتون کے ورثا نے ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن اور اہل کاروں کو خاتون کی موت کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا تھا، اور ورثا نے مذکورہ افسر سمیت دیگر اہل کاروں پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم ملیر پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا تو ورثا نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
کانسٹیبل کی موٹرسائیکل سے ٹکرانے کا جرم، وقاص نامی شہری پریڈی تھانے کے لاک اپ میں جاں بحق
عدالت نے واقعے میں ملوث ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکاروں پر مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا، جس کے بعد اب اسٹیل ٹاؤن پولیس نے مقتولہ سائرہ سموں کے بھائی کی مدعیت میں پولیس اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔