پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں زخمی ہوگئے تھے ان کی انجری کی نوعیت کیا ہے اہم خبر سامنے آئی ہے۔
پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر حارث رؤف گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں زخمی ہونے کے بعد میدان چھوڑ گئے تھے اور اپنے کوٹے کے اوور بھی مکمل نہیں کرائے تھے۔
قومی پیسر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ بیٹنگ کے لیے بھی میدان میں واپس نہیں آئے تھے، جس کے باعث پاکستانی کرکٹ شائقین تشویش میں مبتلا ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے حارث رؤف کو سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف نہیں کھلایا جائے اور آرام دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیویز کے خلاف میچ میں پسلیوں کے درد کے باعث گراؤنڈ سے باہر جانے والے فاسٹ بولر حارث رؤف پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں تاہم ٹیم منیجمنٹ آگے چیمپئنز ٹرافی جیسے اہم ایونٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی رسک لینا نہیں چاہتی، اسلیے پیسر کو جنوبی افریقا کے خلاف میدان میں نہیں اتارا جائے گا۔
تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ حارث رؤف کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کا حتمی فیصلہ ان کی میڈیکل رپورٹس آنے کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم سہ ملکی سیریز کے لیے آج کراچی روانہ ہوگی اور 12 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم میں مقابلے کے لیے اترے گی۔ سیریز کا فائنل اسی گراؤنڈ میں 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔ دفاعی چیمپئن اور میزبان پاکستان افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ سے ہی ٹکرائے گا۔
سہ فریقی سیریز کے پہلے ون ڈے میں فاسٹ بولر حارث رؤف انجری کا شکار