کسی گھر سے اتفاقی طور پر ایک دو سانپ نکل آنا غیر معمولی نہیں مگر 100 سے زائد زہریلے سانپ نکل آئیں تو اہل خانہ کا کیا حال ہوگا؟
سانپ کا بالخصوص موسم برسات میں کسی گھر سے برآمد ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ مگر ایک گھر سے ایک دو نہیں بلکہ ایک سو سے زائد انتہائی زہریلے سانپ نکل آئے جس نے اہل خانہ کو شدید خوف میں مبتلا کر دیا۔
یہ خوفناک اور حیران کن واقعہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آیا جہاں ڈیوڈ اسٹین نامی شہری نے ہارسلے پارک میں واقع اپنے گھر سے 102 انتہائی زہریلے سیاہ سانپوں کو نکلتے دیکھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ اسٹین نے اپنے گھر میں 6 سیاہ رنگ کے سانپوں کو دیکھا اور یہ منظر دیکھ کر اہل خانہ خوف سے تھرتھر کانپنے لگے۔
ڈیوڈ کی اہلیہ نے گوگل پر واقعہ کے حوالے سے سرچ کیا تو پتہ چلا کہ اتنی بڑی تعداد میں سانپ اس وقت جمع ہوتے ہیں جب وہ انڈے دینے والے ہوتے ہیں۔
بعد ازاں شہری نے سانپ پکڑنے والے اہلکار کو مطلع کیا اور ڈیلر کوپر نے عملے کے ہمراہ گھر پہنچ کر سرچنگ کی تو تین گھنٹے کے دوران اس گھر سے 102 سیاہ سانپ برآمد ہوئے جو انتہائی زہریلی قسم سے تعلق رکھتے تھے۔
کوپر کو معائنے پر پانچ بڑے سانپ ملے، جن میں سے چار انڈے دے رہے تھے جبکہ ان کے پاس ہی درجنوں سانپ کے بچے موجود تھے۔