کراچی کے علاقے لیاری میں گھر کی چھت پر کھیلنے والی ننھی بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ شہر کے قدیم علاقے لیاری موسیٰ لین اقبال گھر میں پیش آیا جہاں ڈھائی سالہ بچی گھر کی چھت پر اندھی گولی کا شکار بن گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ بچی بلڈنگ کی ساتویں منزل پر رہائش پذیر اور چھت پر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بچی کے سر میں لگی جس سے جاں بحق ہوئی۔
لاش سول اسپتال منتقل کر دی گئی اور پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد میت کو لواحقین کے حوالے کر دیا ہے۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث دولہا گرفتار کر لیا ہے دولہا کےدوست بھی فائرنگ میں ملوث ہیں جنہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی صورت ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں ہے اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔