ملک کے اکثر علاقے تاحال سردی کی لپیٹ میں ہیں مگر شہر قائد میں موسم قلابازیاں کھانے لگا ہے کبھی سردی اور کبھی گرمی سے شہری پریشان ہیں۔
ماہ فروری میں جب ملک کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ ایسے میں پاکستان کے سب سے بڑے اور ساحلی شہر کراچی میں موسم نے قلابازیاں کھانا شروع کر دی ہیں۔
شہر قائد میں علی الصباح اور رات کے وقت سردی ہوتی ہے جب کہ دن کے وقت ایسی گرمی ہونے لگی ہے کہ شہریوں نے ایئرکنڈیشن اور پنکھوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے باقی شہروں کی بات کریں تو محکمہ موسمیات نے لاہور، سیالکوٹ، اٹک، جہلم، راولپنڈ ی اور اسلام آباد میں ہلکی بارش جب کہ دیر، چترال، سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے میدانی علاقوں میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو اور استور میں ریکارڈ کی گئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے منفی چار پہنچا۔ اس کے علاوہ ہنزہ میں منفی دو اور کالام میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔