کوئٹہ : بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، 5 سال میں 30 ہزار نوجوانوں کو بھیجا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
بلوچستان کے باہنر نوجوانوں کو روزگار کیلئے بیرون ملک بھجوانے کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئندہ ہفتے نوجوانوں کا پہلا بیج سعودی عرب روانہ ہوگا ، 24 نوجوانوں کی تربیت مکمل، مزید نامزدگی کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری سطح پر پاکستان کی تاریخ کا پہلا پروگرام بلوچستان سے شروع ہونے جارہا ہے، 5 سال میں 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کیلئےبھیجنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2375 نوجوانوں کو رواں سال جون تک بھجوانے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔
واضح رہے کہ شہبازشریف نے پاکستانی نوجوانوں کی بیرون ملک ملازمت کیلئے دوست ممالک کی مارکیٹوں کے مطابق لائحہ عمل دینے اور بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی، بغیر لائسنس کمپنیز کیخلاف اقدامات کی ہدایت کردی۔
پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ اڑان پاکستان منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گےْ۔