سندھ پولیس کچے کے ڈاکوؤں کی بیخ کنی کے لیے آپریشن کر رہی ہے ایسے میں ڈاکوؤں نے کوٹ شاہو میں 9 لکڑہاروں کو اغوا کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں کی بڑھتی کارروائیوں پر آئے دن سندھ پولیس کی جانب سے آپریشن کیے جاتے ہیں۔ ان دنوں بھی ایس ایس پی شکارپور رینجرز کے ساتھ مل کر آپریشن کر رہے ہیں۔
اسی آپریشن کے دوران شکارپور کے علاقے کوٹ شاہو میں کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک یا دو نہیں بلکہ 9 افراد اغوا ہوئے ہیں اور اس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام مغوی افراد کرم پور لاڑو کے رہائشی ہیں، جو گزشتہ روز علاقے میں لکڑی کاٹنے گئے تھے۔ انہیں بڈانی گینگ نے اغوا کیا ہے۔
تاہم اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے چیف رپورٹر سندھ لالہ اسد پٹھان نے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے اس سارے ڈرامے کا پول کھول دیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی ہے جس کا مقصد ایس ایس پی شکارپور شاہ زیب چاچڑ کی جانب سے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف ہونے والے آپریشن کو متاثر کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مغوی کسان معصوم نہیں بلکہ یہ ڈاکوؤں کے مخبر بھی ہیں۔ یہی لوگ ڈاکوؤں کے راشن پانی کا بندوبست کرتے، اخبارات اور اطلاعات فراہم کرتے ہیں۔ یہ ویڈیو بنانے کے بعد جان بوجھ کر وائرل کی گئی ہے کیونکہ ڈاکو بھی سوشل میڈیا کو استعمال کرنا اور اس سے فائدہ اٹھانا جان گئے ہیں۔
ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں
لکڑی کو جیتے جاگتے کردار دینے والا باکمال فن کار، ویڈیو رپورٹ