برازیل میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں خاتون کی پینٹ کی جیب میں رکھا ہوا موبائل فون پھٹ گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک خاتون اپنے شوہر کے ساتھ سپر مارکیٹ میں خریداری کر رہی تھی۔ اس دوران، اس کے پینٹ کی پچھلی جیب میں رکھا موبائل فون اچانک پھٹ گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے خاتون کی کمر اور ہاتھ بری طرح زخمی ہو گئے۔ واقعہ اتنا اچانک ہوا کہ خاتون کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ ملا۔
رپورٹس کے مطابق دھماکے کے بعد مارکیٹ میں موجود لوگ فوراً خاتون کی مدد کے لئے پہنچے، واقعہ وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فون میں دھماکہ ہوتے ہی خاتون خوفزدہ ہو کر اچھل پڑی اور تکلیف سے چیخنے لگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کی ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں ٹراؤزر کے جیب میں رکھا موبائل فون زوردار دھماکے سے پھٹنے کے باعث نوجوان شدید زخمی ہوگیا تھا۔
متاثرہ نوجوان جے دیو یادو نے حسبِ معمول موبائل فون استعمال کرنے کے بعد اسے ٹراؤزر کے جیب میں رکھا اور کال آنے پر جیسے ہی جیب میں ہاتھ ڈالا تو وہ پھٹ گیا۔
جے دیو یادو کے بھائی سنجے کمار یادو نے بتایا کہ اہل خانہ اچانک دھماکے کی آواز سن کر چونک گئے تھے، جب جے دیو یادو کے کمرے میں جا کر دیکھا تو وہ شدید زخمی حالت میں پڑا تھا، اس کے موبائل فون میں آگ لگی ہوئی تھی، بھائی کو فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج رہا۔
سنجے کمار یادو نے کہا کہ شکر ہے بھائی نے موبائل فون کان پر نہیں رکھا تھا ورنہ بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔
ادھر، ناتھ نگر اسپتال کی انچارج ڈاکٹر انوپما سہائے نے کہا کہ ماضی میں بھی موبائل فون پھٹنے کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔