اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کئی گروہوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پارٹیاں مفادات کے گرد گھومتی ہیں تو یہی حال ہوتا ہے جو پی ٹی آئی کا ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کئی گروہوں میں تقسیم ہوچکی ہے، خیبرپختونخوا میں ان کے تین چار گروہ ہیں، قومی اسمبلی میں بھی یہ تقسیم کا شکار ہیں، صوبائی حکومت جلسے کی ناکامی کے لیے کوششیں کرتی رہی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی ائی کو صرف اقتدار کے لیے تعمیر کیا گیا، اقتدار نہیں تو پارٹی تقسیم ہورہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی فارن پالیسی مستحکم ہے سب سے تعلقات بڑھا رہے ہیں، چین ہمارا بڑا اتحادی ہے کسی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں رکھنا چاہتے، حکومت کے معاشی اعشاریے بہتر ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش سے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، عرب ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، فلسطین کے بھائیوں کے لیے آواز بلند کرنا خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ دعا ہے پاکستان چیمپئنز ٹرافی جیتے، طیب اردوان دوست اور بھائی ہیں ان کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔