پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم اور قوم پرستوں کے درمیان مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا ہے، تو ایم کیو ایم نے بھی قوم پرست جماعتوں سے رابطوں کیلے کمیٹی تشکل دیدی۔
بلاول کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا ہے کہ احتجاج کا حق اپنی جگہ درست ہے، لیکن سیاسی محاذ آرائی اور آئے روز ہڑتالوں سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی سندھ میں خوش آمدید کہا۔
بلاول نے شاہ محمود قریشی کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ سندھی عوام ہمیشہ سے کشادہ دل اور مہمان نواز رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے قوم پرست اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
ان رابطوں میں سندھ اور عوام کے مفادات زیر غور لائے جائیں گے اور سندھ کے جائز حقوق اور مفادات کیلئے کوششیں کی جائیں گی، ذرائع کے مطابق کمیٹی کی تشکیل قوم پرست رہنما ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کے بعد دی گئی۔