فیصل آباد: ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی میں بین لاقوامی گینگ کی خاتون ایجنٹ حمیرا کنول کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ حمیرا کنول کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا، بین الاقوامی گینگ کے دیگر ارکان آذربائیجان سے گینگ چلا رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمہ شہریوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسا دے کر رقم بٹورنے میں ملوث تھی، اس نے 3 شکایت کنندگان سے 63 لاکھ 80 ہزار روپے وصول کیے، ملزمہ نے متاثرین کے 3 بچوں کو لیگزمبرگ بھجوانے کے نام پر رقوم وصول کیں، اور رقم وصول کرنے کے بعد متاثرین کے بچوں کو آذربائیجان بھجوا دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ نے متاثرہ بچوں کو آذربائیجان میں دیگر ایجنٹوں کے حوالے کیا تھا، ملزمہ کے ساتھی ایجنٹ زوہیب نے متاثرین کے گھر والوں سے مزید رقم مانگی تھی۔
چھاپے کے دوران ملزمہ حمیرا کنول کے موبائل فون سے اہم شواہد برآمد ہوئے ہیں، ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے ویزے، پاسپورٹ کی نقول، بینک رسیدیں، بین الاقوامی ایجنٹ زوہیب سے رابطے کا ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔
لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر زبیر مہر گرفتار
ملزمہ حمیرا کنول ایجنٹ زوہیب کے ساتھ مل کر متاثرین کے آذربائیجان، لیبیا، دبئی کے راستے یورپ اسمگلنگ میں ملوث ہے، ایجنٹ زوہیب آذربائیجان سے انسانی اسمگلنگ کا گینگ چلا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمہ حمیرا کنول کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ انٹرپول کی مدد سے ملزم زوہیب کی گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔