کراچی: شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے اوقات کار کی پابندی سختی سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے رات 11 سے صبح 6 بجے تک داخلے کے عدالتی حکم کو سختی سے نافذ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ محکمہ سالڈ ویسٹ کو ایک ڈیڑھ ماہ میں آپریشن رات کو منتقل کرنے کا کہہ دیا گیا ہے، سالڈ ویسٹ کی گاڑیاں بھی اب رات کو نقل و حمل کریں گی، تاہم ان کے لیے ڈیڑھ ماہ کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے آپریشن کو ایڈجسٹ کر سکیں۔
سعدیہ جاوید نے بتایا کہ اجناس کی ترسیل کرنے والے ہیوی ٹریفک کو دن میں آپریشن کی اجازت ہوگی، انھوں نے کہا کہ جن گاڑیوں کی فٹنس سندھ حکومت سے ہوگی انھیں ٹیگ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق سندھ حکومت نے احتجاج کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور خبردار کیا ہے کہ جو کوئی بھی سڑک بند کرے گا، یا اشتعال پھیلائے گا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ کراچی میں ڈمپرز اور دیگر بڑی گاڑیوں سے شہریوں کی پے در پے افسوس ناک اموات کے بعد شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے، ہیوی ٹریفک کو رات 11 سے صبح 6 بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی، اس حوالے سے عدالتی حکم بھی آیا ہے۔