اسلام آباد : ترک صدر رجب طیب اردوان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم ہاؤس پہنچے ، جہاں وزیراعظم شہبازشریف نے معززمہمان کا استقبال کیا۔
ترکیہ صدر اور وزیراعظم شہبازشریف نے روایتی مصافحہ کیا ، جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔.
معززمہمان کو پاکستان کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر دیا گیا اور معزز مہمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم نے ترک صدر کا کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا جبکہ رجب طیب اردوان نے بھی اعلیٰ سطح وفد سے شہباز شریف کا تعارف کرایا۔
رجب طیب اردوان نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔
اس دوران ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف اور وزیردفاع خواجہ آصف سے مصافحہ کیا، جس کے بعد معزز مہمان کے اعزاز میں پاکستان ایئر فورس کےپائلٹس نے فلائی پاسٹ کیا۔
وزیراعظم ہاوس میں ترکیہ کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوگی جبکہ دونوں رہنما اعلیٰ سطح تزویراتی تعاون کونسل اجلاس میں وفود کی قیادت کریں گے ۔
اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔