لاہور: حکومت پنجاب نے بھکاری مافیا کے سرغنہ کے گرد شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم کی گئی ہیں جو پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی گئیں، نئے قانون کے تحت پنجاب میں بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی برائے داخلہ ان اہم ترامیم کا جائزہ لے گی۔
ترامیم کے مطابق صرف ایک شخص سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 3 سال قید اور 3 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید ہوگی۔
ایک سے زائد افراد سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید اور 5 لاکھ تک جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جب کہ بچوں سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 5 سے 7 سال قید اور 7 لاکھ تک جرمانہ ہوگا، اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔
جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 20 لاکھ تک جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر گینگ کے سرغنہ کو مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔
ایک بار سزا پانے والا شخص اگر جرم دہرائے گا تو آرڈیننس میں دی گئی سزا سے دوگنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔