دنیا کے سب سے بڑے دریا ایمیزون میں دو مسافر کشتیاں ٹکرا گئیں یہ خوفناک حادثہ ملاح کے سونے کے باعث پیش آیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکا سے شروع ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے دریا ایمیزون میں دو مسافر کشتیوں کے آپس میں ٹکرانے کا خوفناک حادثہ پیش آیا ہے اور اس کی وجہ ایک کشتی کے ملاح کی نیند بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں پیش آیا جہاں ایمیزون دریا کے بیچوں بیچ سیاحوں سے بھری دو کشتیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ویڈیو میں ایک چھوٹی اور ایک بڑی کشتی مخالف سمت میں دریا کا سینہ چیرتی سفر کر رہی ہیں۔ اسی اثنا میں بڑی کشتی اچانک چھوٹی کشتی سے ٹکرا جاتی ہے۔
ویڈیو نے یہ خطرناک منظر بھی ریکارڈ ہوا جس میں نیلے رنگ کی بڑی کشتی کے ایک حصے کو سفید چھوٹی کشتی کے کیبن توڑتے ہوئے اندر داخل ہوتے دکھایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد کشتی میں سوار سیاحوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام جائے حادثہ پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق، حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں تاہم ابتدائی رپورٹوں سے معلوم ہوتا ہے کہ بڑی کشتی کا ملاح شاید سو گیا تھا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔