جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

مسجد نبوی ﷺ میں افطار سے متعلق اہم خبر

اشتہار

حیرت انگیز

ماہ رمضان المبارک کی آمد میں 15 دن باقی رہ گئے ہیں ایسے میں مسجد نبوی ﷺ میں افطار سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔

ماہ رمضان المبارک میں روزہ دار کو سحر اور افطار کرانا انتہائی ثواب اور برکت والا عمل ہے۔ ہر مسلم ملک میں اس کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں مختلف مقامات اور مساجد کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں بڑے پیمانے پر افطار کا بندوبست اور لاکھوں افراد کو افطار کرایا جاتا ہے۔

گزشتہ دنوں جنرل اتھارٹی برائے حرمین شریفین نے مسجدِ نبویؐ میں افطار فراہم کرنے کے خواہش مند افراد اور اداروں کے لیے ایک آن لائن پورٹل متعارف کرایا تھا۔ اب اس حوالے سے نئی خبر ہے کہ افطار پیکٹس میں ملائی اور پراٹھے کا اضافی اختیار بھی دیا گیا ہے۔

الوطن کے مطابق معمول کے افطاری پیکٹس میں کھجور، روٹی، دقہ (مصالح) دہی، پانی وغیرہ ہوتا ہے۔ تاہم اب اس میں ملائی اور پراٹھے (فطائر) کا اضافی اختیار دیا گیا ہے، تاہم اس سے افطار پیکٹ کی قیمت میں 7 ریال کا اضافہ ہو جائے گا۔

کیٹرنگ کمپنیوں کی جانب سے ملائی (قشطہ) اور پراٹھے یا پین کیک (فطیرہ) کی چوائس دی گئی ہے جو افراد اپنے افطاری دسترخوان میں ملائی اور پراٹھے کا اضافہ کرانا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ منظور شدہ کیٹرنگ کمپنیوں سے معاہدہ کرتے وقت اس کا اندراج کر لیں۔

مسجد نبوی ﷺ میں افطاری خدمات فراہم کرنے والی کیٹرنگ کمپنیوں کو ادارہ امور حرمین نے اس بات کا بھی پابند کیا ہے کہ کمپنیاں منظم انداز میں افطاری دستر خوان کا بندوبست کریں گی، جس کے لیے کارکنوں کی نگرانی کے لیے سپروائزر موجود ہوں۔

علاوہ ازیں افطاری کے لیے فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش معیاری ہوں۔ افطاری کو مسجد نبوی کے صحنوں میں منتقل کرنے کے لیے مخصوص ٹرالیوں کا اہتمام کیا جائے۔

مسجدِ نبویؐ میں افطار کرانے کے خواہش مند افراد کیلئے اہم خبر

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں