چیتا دیکھ کر سب سے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں یہی خوفناک جانور ایک شادی کی تقریب میں داخل ہوگیا پھر تو وہاں اُدھم مچ گیا۔
یہ دلچسپ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنو میں ایک شادی ہال میں پیش آیا جہاں تقریب کے خوشگوار ماحول کے دوران اچانک جنگلی درندے چیتے نے بن بلائے مہمان کی طرح انٹری دی۔ اس خوفناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
چیتے کو دیکھتے ہی شادی کی پررونق محفل میں بھگدڑ مچ گئی ایک شخص تو اتنا خوفزدہ ہوا کہ چھت سے ہی چھلانگ لگا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رات 8 بجے لکھنو شہر کے ایک شادی ہال میں تقریب جاری تھی اور مہمان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ایسے میں چیتا ٹہلتا ہوا بن بلائے مہمان کی طرح وہاں داخل ہوگیا۔
چیتے کو اس طرح یوں داخل ہوتے دیکھ کر خوشی سے مسکراتے چہروں پر دہشت دوڑ گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔ ایک شخص تو اتنا خوفزدہ ہوا کہ جان بچانے کے لیے چھت سے کود پڑا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا، جس کو اسپتال داخل کرایا گیا۔
اطلاع ملنے پر ڈی ایف او ڈاکٹر ستیش پانڈے سمیت محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کافی جدوجہد کے بعد تیندوے کو پکڑا جا سکا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران عملہ جیسے ہی اس جنگلی جانور کو قابو کرنے کے لیے آگے بڑھتا ہے تو وہ ٹیم پر حملہ آور ہو جاتا ہے اور ایک ملازم کے ہاتھ سے رائفل چھین کر گرانے کے بعد اسے زخمی بھی کر دیتا ہے۔
عملہ بالآخر 8 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد صبح 4 بجے کے قریب چیتے کو قابو کرنے میں کامیاب ہوا۔