سابق انگلش بیٹر کیون پیٹرسن کو لگتا ہے کہ دورے کی ٹھیک طرح سے تیاری نہ کرکے انگلینڈ نے بھارت کو بالکل بھی عزت کے قابل نہیں سمجھا۔
حالیہ دورہ بھارت کے دوران انگلش ٹیم کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، میزبان بھارت نے ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کو 3-0 سے وائٹ واش کیا جبکہ تینوں مقابلے بھارتی ٹیم نے تقریباً یکطرفہ طور پر جیتے اور انگلش ٹیم فائٹ کرنے میں ناکام رہی۔
آخری ون ڈے میچ میں کمینٹری کے دوران بھارتی ٹیم ے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے انکشاف کیا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے سیریز کے دوران صرف ایک پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تھا۔
روی شاتری کا کہنا تھا کہ اگر آپ کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے سخت محنت نہیں کریں گے تو آپ کبھی بھی بہتری کی طرح نہیں جاسکتے۔
سابق انگلش کرکٹر کیوون پیٹرسن نے آخری میچ میں بھی انگلینڈ کی یکطرفہ شکست کے بعد کہا کہ ایسی ناکامی نے مجھے بہت حیران کیا۔
پیٹرسن نے کہا انگلش پلیئرز نے بھارتی کنڈیشن کا بالکل بھی احترام نہیں کیا اور پریکٹس نہیں کی، اس کے بجائے انگلینڈ کے پلیئرز گالف کھیلتے رہے، انگلینڈ کے لیے کھیلتے ہوئے انجوائے کریں مگر آپ کو پیسے رنز اسکور کرنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔
میں اور روی شاستری گفتگو کررہے تھے کہ انگلینڈ کے پلیئرز کو کم از کم پچھلے ہفتے تو ضرور پریکٹس کرنی چاہیے تھی، انھوں نے ناگپور کے میچ سے پہلے ایک پریکٹس سیشن کیا اور اس کے بعد سے کوئی پریکٹس سیش نہیں کیا۔
اپنے دور کے جارح مزاج بلے باز کا انگلینڈ کی شکست پر مزید کہنا تھا کہ آپ کو اس لیے ادائیگی کی جاتی ہے کہ انگلینڈ کے لیے میچ جیتیں، آپ کو گالف کھیلنے کے لیے پیسے نہیں دیے جاتے۔