مریدکے : محلہ33 چک میں شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، ہوائی فائرنگ میں گولی لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مرید کے کے علاقے 33چک میں شادی والے گھر میں ہونے والی مہندی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ جاری تھی۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مہندی کی تقریب میں دولہا کے دوستوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گردن پر گولی لگنے سے دولہا کا بھائی موقع پر ہی چل بسا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا اور قانونی کارروائی کیلیے لاش متعلقہ اسپتال پہنچا دی۔
پولیس کے مطابق مقتول 35سالہ عمیر اپنے سگے بھائی کی شادی میں شرکت کیلئے بیرون ملک سے وطن واپس آیا تھا۔ صدر پولیس نے مزید قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے لیاری موسیٰ لین میں گھر کی چھت پر کھیلنے والی ننھی بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ بچی بلڈنگ کی ساتویں منزل پر رہائش پذیر اور چھت پر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بچی کے سر میں لگی جس سے جاں بحق ہوئی۔
مزید پڑھیں : چھت پر کھیلتی بچی ہوائی فائرنگ سے جاں بحق، دولہا گرفتار
پولیس نے بتایا کہ واقعہ شادی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے پیش آیا۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث دولہا کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دولہا کے دوست بھی فائرنگ میں ملوث ہیں جنہیں گرفتار کرنے کیلیے کارروائی جاری ہے۔